ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہوناور: بی جے پی کی تشہیری مہم میں یوگی آدتیہ ناتھ کی شرکت - کہا : ہنومان سے خوفزدہ ہے کانگریس کا بھوت  

ہوناور: بی جے پی کی تشہیری مہم میں یوگی آدتیہ ناتھ کی شرکت - کہا : ہنومان سے خوفزدہ ہے کانگریس کا بھوت  

Sun, 07 May 2023 12:58:37    S.O. News Service

ہوناور، 7 / مئی (ایس او نیوز) بی جے پی کی انتخابی تشہیر کے لئے یو پی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے سینٹ انتھونی میدان میں منعقدہ جلسہ میں شرکت کی اور حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی بجرنگ دل پر پابندی لگانے کی بات اس لئے کہہ رہی ہے کیونکہ کانگریس ایک بھوت ہے اور ہنومان کا جاپ کرنے سے بھوت پریت خوف زدہ ہو کربھاگ جاتے ہیں ۔ کیسے ہی راکشس کیوں نہ ہوں وہ سب بجرنگ بلی (ہنومان) کے سامنے بھاگ جاتے ہیں ۔ 
    
یوگی نے اپنے دس منٹ کے خطاب میں کہا کہ بجرنگ دل پر پابندی لگانے کا مطلب یہاں پی ایف آئی اور آئی ایس آئی ایس کو دعوت دینا ہے ۔ ہم نے یو پی میں جس طرح مافیا ، دہشت گردی جرائم پیشہ کی کمر توڑی ہے اسی طرح کرناٹکا میں بھی پی ایف آئی اور آئی ایس آئی ایس کی کمر توڑ کر رکھ دیں گے ۔ اس لئے ساحلی علاقے میں بی جے پی کے امیدواروں کو کامیاب بنانا ضروری ہے ۔ ایڈی یورپا اور بومئی کی قیادت میں انجنادری میں شاندار ہنومان مندر تعمیر ہونے جا رہا ہے ۔ 
    
انہوں نے کہا کہ بھارت کی ترقی اور پوری دنیا میں اس کی شہرت جن سے برداشت نہیں ہو رہی ہے وہ لوگ وزیر اعظم نریندارا مودی کی مخالفت کرتے ہیں ۔ میں اس وقت رام کی سرزمین سے پرشو رام کی سر زمین پر آپ کو رام مندر کے افتتاح میں شرکت کی دعوت دینے کے لئے آیا ہوں ۔ کرناٹکا کی سرزمین سے ملک کی ترقی کو بہت ہی زیادہ تعاون ملا ہے ۔ اس سے بھارت ایک طاقتور ملک بن گیا ہے ۔ 
    
اس جلسہ میں بی جے پی کے ریاستی صدر نلین کمار کٹیل ، بھٹکل - ہوناور حلقہ کے امیدوار سنیل نائک ، کمٹہ - ہوناور حلقہ کے امیدوار دینکر شیٹی ، بی جے پی ضلع صدر وینکٹیش نائک اور دیگر ذمہ داران اسٹیج پر موجود تھے ۔


Share: